پاکستان ایجادات اور اختراعات میں پسماندہ ترین ممالک میں شامل

پاکستان: معمولی بہتری کے باوجود بھی اس سال پاکستان ایجادات اور اختراعات کی دوڑ میں دنیا کے کئی ممالک سے بہت پیچھے رہ گیا ہے۔
سال 2017 میں درجنوں ممالک کی ایجادات اور اختراعات ( انوویشن) کی فہرست جاری کی گئی ہے جس کے تحت 127 ممالک میں پاکستان 113 ویں نمبر پر ہے اور گزشتہ برس پاکستان کا نمبر 1199 واں تھا جبکہ سوئزرلینڈ لگاتار ساتویں مرتبہ اس بار بھی نمبر ایک پر براجمان ہے۔
امریکہ میں جامعہ کورنیل، ورلڈ انٹیلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن اور آئی این ایس ای اے ڈی کی جانب سے کئے گئے اس تفصیلی سروے میں پاکستان کا 2015 میں اسکور 22.63 تھا جو اس سال 23.8 ہے یعنی پاکستان نے قریباً ایک درجے بہتر کارکردگی دکھائی ہے؛ لیکن اس کے باوجود پاکستان کی مجموعی صورتحال بہت خراب ہے اور وہ پسماندہ ترین افریقی ممالک سے چند درجے ہی بہتر ہے۔
گلوبل انوویشن انڈیکس ( جی آئی آئی) میں ہر ملک کی معاشی ترقی میں کم ازکم 81 اشاریوں کو غور سے دیکھا جاتا ہے جن میں تحقیق، سیاسی ماحول، اختراعات کا مؤثر ہونا، کاروباری فضا، انفراسٹرکچر، سائنس و ٹیکنالوجی کے ادارے، تخلیق اور علم کی جستجو اور اس کے معاشی استعمال کا جائزہ بھی لیا جاتا ہے۔
اس فہرست میں بنگلا دیش کا نمبر 114 ہے جبکہ ہندوستان 60 ویں نمبر پر ہے اور گزشتہ برس انڈیکس میں بھارت 66 ویں درجے پر تھا جبکہ امریکا اس سال چوتھے نمبر پر ہے